بی جے پی کا موقف واضح کرنے کا مطالبہ

لیفٹننٹ گورنر دہلی سے ملاقات سے پہلے کجریوال کا بیان
نئی دہلی۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)نئی دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے دہلی میں سیاسی غیریقینی کیفیت کو ختم کرنے کے لئے مشاورت کا آغاز کردیا ہے، لیکن عام آدمی پارٹی نے اس مسئلہ پر ان سے ملاقات سے قبل جاننا چاہا کہ اس مسئلہ پر بی جے پی کا کیا موقف ہے ۔ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کے نام اپنے مکتوب میںعام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے کہا کہ وہ واحد سب سے بڑی پارٹی کا موقف جاننے کے بعد ہی ان سے ملاقات کرسکیں گے۔ نجیب جنگ نے کجریوال کو آج دو بجے دن مشاورت کے لئے طلب کیا تھا ۔انہوںنے بی جے پی اور کانگریس کو بھی طلب کیا ہے تاکہ دہلی میں ایک منتخب حکومت قائم کی جاسکے۔ کجریوال نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ بی جے پی نے لیفٹننٹ گورنر اور ذرائع ابلاغ کو واضح طور پر اطلاع دے دی ہے کہ وہ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کے موقف میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی کا غیررسمی موقف جاننا چاہتے ہیں۔