کولکتہ۔23جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں اپوزیشن کے مقام پر نظر رکھتے ہوئے بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ برسر اقتدار ترنمول کانگریس کے ساتھ بڑی مالیت کے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد ایک عوامی تحریک ریاست میں ناقص حکمرانی کے خلاف شروع کی جائے۔ یہ فیصلہ دوروزہ بی جے پی ریاستی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری انچارج امور مغربی بنگال کیلاش وجئے ورگیا نے کہا کہ مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں نظم و قانون کی صورتحال مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ چیف منسٹر ممتابنرجی وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں۔ بی جے پی ترنمول کانگریس کی ناقص حکمرانی کے خلاف ریاست گیر عوامی مہم کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مغربی بنگال جہادیوں کی محفوظ پناہگاہ بن چکا ہے۔