ممبئی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی عنقریب شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کو فائبر سے تیار ایک ’’شیر‘‘ بطورِ تحفہ پیش کرے گی جوکہ پارٹی کا انتخابی نشان ہے۔ اگرچیکہ بی جے پی ، شیوسینا کے درمیان تعلقات بعض اوقات کشیدہ رہتے ہیں لیکن اپنی قدیم حلیف جماعت جذبہ خیرسگالی اور دوستی کیلئے یہ تحفہ پیش کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ سینئر بی جے پی لیڈر اور وزیر جنگلات سدھیر منگتیشوار شیوسینا سربراہ ٹھاکرے کو فائبر سے تیار شیر کا تحفہ آئندہ ہفتہ ان کے مکان پر حوالے کریں گے۔ جوکہ جنگلی جانوروں کو بے انتہا چاہتے ہیں۔ فائبر سے تیار یہ شیر اگرچیکہ بے جاں ہے لیکن دیکھنے میں حقیقی نظر آتا ہے جس کی لمبائی 7 فٹ اور چوڑائی 5 فٹ اور وزن 55 کیلو ہے۔ ادھو ٹھاکرے کو فائبر کا شیر بطورِ تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے منگتیشوار نے بتایا کہ یہ صرف جذبہ دوستی اور خیرسگالی کا مظاہرہ ہے جس میں کوئی سیاسی مطلب نہ نکالا جائے اور یہ تحفہ شیر بچاؤ مہم کو عام کرنے کی ایک کوشش ہے۔ توقع ہے کہ انہیں یہ تحفہ پسند آئے گا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں مخلوط حکومت کی حلیف جماعت ہونے کے باوجود شیوسینا وقفہ وقفہ سے اس کی پالیسیوں اور فیصلوں کو نشانہ بناتے آرہی ہے حتی کہ ٹھاکرے نے گزشتہ ماہ پاکستان کا اچانک دورہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف ملامت بنایا تھا، تاہم ایک شیوسینا لیڈر نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ بی جے پی کو نمائشی اقدامات کی بجائے حلیفوں کے ساتھ برتاؤ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ادھو ٹھاکرے بی جے پی کے نظریات کے خلاف نہیں ہیں بلکہ بعض مسائل پر انگشت نمائی کرتے ہیں۔ اگر یہ مسائل صحیح ڈھنگ سے حل کرلئے جائیں تو تحفہ کے بغیر بھی وہ خوش ہوں گے۔