نئی دہلی ۔ 18جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ بی جے پی نے دہلی میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے اپنے امیدوار پر ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا جب یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سابق آئی پی ایس آفیسر کرن بیدی کو چیف منسٹر دہلی کیلئے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے پیش کیا جائے گا ۔ بیدی جو جمعرات کو بی جے پی میں شامل ہوئی ہیں ‘ خود بھی یہ واضح اشارہ دے چکی ہیں کہ چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے وہ بی جے پی کی امیدوار ہوں گی ۔ مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’ تاحال کوئی فیصلہ نہیںکیا گیا ‘ پارلیمانی بورڈ قطعی فیصلہ کرسکتا ہے ‘‘ ۔ 70رکنی دہلی قانون ساز اسمبلی کے انتخاب کیلئے 7 فبروری کو رائے دہی ہوگی ۔