نئی دہلی 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کل بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹرس اور ڈپٹی چیف منسٹرس کے اجلاس سے خطاب کرینگے ۔ یہ اجلاس موافق غریب ایجنڈہ پر توجہ دینے اور تنظیم و حکومت کے مابین بہتر تال میل کو یقینی بنانے کیلئے طلب کیا جا رہا ہے ۔ امکان ہے کہ چیف منسٹر اپنی حکومتوں کے پروگراموں کے تعلق سے اظہار خیال کرینگے ۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ پارٹی کی کور کمیٹی کے قائدین کا منگل کو ایک روزہ ورکشاپ ہوا تھا جس میں مودی نے سماج کے تمام طبقات تک رسائی حاصل کرنے کی وکالت کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ خاص طور پر غریب عوام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ تنظیم اور حکومت کے مابین تال میل کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس کے اچھے اثرات مرتب ہوسکیں۔