نئی دہلی۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ یہ حیرت کی بات ہیکہ مودی حکومت نے چار برسوں میں کوئی کام ہی نہیں کیا ہے مگر صدر بی جے پی امیت شاہ پارٹی کے اراکین پارلیمان سے اپنے حلقوں میں حکومت کی حصولیابیاں بتانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔کانگریس کے ترجمان ٹوم وڈکن نے یہاں میڈیا سے کہا کہ بی جے پی جھوٹے وعدوں کا سہارا لے کر اقتدار میں آئی ہے اور اب پھر جھوٹ بول کر آئندہ عام انتخابات کی تیاری کر رہی ہے لیکن عوام اس کی حقیقت سے واقف ہو گئے ہیں اس لئے حصولیابیوں کے نام پر بی جے پی جتنا بھی جھوٹ بولے اب اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ حکومت کے کام کے سلسلہ میں بی جے پی آخر عوام کو جھوٹ کب تک بتائے گی۔ انہوں نے حکومت پر جمہوریت کا مذاق اڑانے کا الزام لگایا اور کہا کہ پارلیمنٹ میں مودی حکومت کیخلاف تین تین پارٹیوں کے ذریعہ عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے لیکن اس پر غور نہیں کیا جا رہا ہے ۔