بی جے پی پر ’’اچھے دن‘‘ کے خواب فروخت کرنے کا الزام

لکھنو ۔ 26 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ لوک دل نے آج یہ الزام عائد کیا کہ بی جے پی ’’اچھے دن‘‘ کے خوابوں کو مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرح فروخت کر رہی ہے ۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری مٹسر جینت چودھری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے موقع پر بی جے پی نے خوابوں کو اس طرح فروخت کیا تھا جس طرح مارکیٹنگ کمپنیاں اپنی مصنوعات کو فروخت کرتی ہیں لیکن اب یہ سوال کیا اچھے دن کب آئیں گے؟ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا اسمبلی کے دوران یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بیرونی بینکوں میں کالا دھن موجود ہے اور اسے ہندوستان لانے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی لیکن اب وزیراعظم نریندر مودی بیرونی ممالک میں کالا دھن کس قدر پوشیدہ ہے، لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ مسٹر جینت چودھری نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظز جب بیرونی ممالک کا دورہ کرتے ہیں تو عوام کے ہجوم سے راست بات چیت کرتے ہیںلیکن اپنے ہی ملک میں وہ ٹیلی ویژن کے ذریعہ عوام سے مخاطب ہوتے ہیں۔ انہوں نے روس کے وزیر دفاع کے دورہ پاکستان اور باہمی تعاون کے معاہدوں پر این ڈی اے حکومت کی جانب سے رد عمل ظاہر نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور بتایا کہ اب پاکستان ، روس سے دفاعی اسلحہ حاصل کرے گا جس کی روک تھام کیلئے حکومت ہند نے کوئی اقدام نہیں کیا ۔