بی جے پی پر ’خون کی سیاست کا الزام : راہول

دہرہ دون۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بی جے پی پر ایک مذہب کے ماننے والوں کو دوسرے مذہب کے ماننے والوں کے خلاف کھڑا کرکے ’خون کی سیاست‘ کرنے کا الزام عائد کیا اور خبردار کیا کہ فرقہ پرست بی جے پی کو کسی قیمت پر برسراقتدار آنے نہ دیا جائے۔ اہم اپوزیشن پر تنقید میں شدت پیدا کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت مخالف جعل سازی آرڈیننس جاری کرنے کی کوشش کررہی ہے، کیونکہ پارلیمنٹ میں اس بِل کی منظوری میں اپوزیشن نے رکاوٹ پیدا کردی تھی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی خون کی سیاست پر عمل کرتی ہے، انھیں اقتدار کے سوائے اور کچھ نظر نہیں آتا۔ وہ ہر قیمت پر برسراقتدار آنا چاہتے ہیں۔