کولکتہ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) برسر اقتدار ترنمول کانگریس نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیاکہ وہ مغربی بنگال میں مذہب کی بنیاد پر بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی کے مرکزی قائدین کی تشدد زدہ دیہات مکرا ضلع بیربھوم میں داخلہ کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کئے جانے کے کچھ ہی دیر بعد چیف منسٹر کا یہ بیان منظر عام پر آیا۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل رائے نے کہاکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے چاہے وہ کوئی رکن پارلیمنٹ ہو۔ بی جے پی قائدین کی گرفتاری بشمول نائب صدر مختار عباس نقوی اور ارکان پارلیمنٹ کیرتی آزاد اور اُدت رائے کو جائز قرار دیتے ہوئے اُنھوں نے یہ بیان دیا۔ پولیس نے کہاکہ بی جے پی قائدین اُس وقت گرفتار کئے گئے جب وہ قانون فوجداری کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تشدد زدہ دیہات میںداخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ اِس موقع پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنوں میں بھی جھڑپ ہوئی جس میں 3 افراد ہلاک اور کم از کم 5 مکان نذر آتش کردیئے گئے۔