بی جے پی پر معاشرہ کو منقسم کرنے اکھیلیش یادو کا الزام

بستی ۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر اترپردیش اکھیلیش یادو نے آج زعفرانی پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے فرقہ وارانہ منافرت پھیلا رہی ہے۔ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ سماج میں پھوٹ ڈالنا بی جے پی کا ایجنڈہ ہے۔ اکھیلیش یادو پر جوابی تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان وجئے بہادر پھاٹک نے کہا کہ اکھیلیش کی حکومت سماج میں پھوٹ ڈال رہی ہے۔ دلجوئی کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر سیاست کررہی ہے۔ انہوںنے الزام عائد کیا کہ پولیس میں بھرتیوں کیلئے امیدواروں کا انتخاب مخصوص علاقہ سے کیا جارہا ہے۔ اپنی ناکام حکمرانی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے سماج وادی پارٹی دوسروں پر بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ اسی دوران غیرموسمی بارش اور ژالہ باری کے باعث متاثرہ کسانوں کے مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے اکھیلیش یادو نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کو فوری راحت فراہم کی گئی ہے جو کسان 25 فیصد نقصان سے دوچار ہوئے ہیں انہیں بھی معاوضہ دیا جارہا ہے۔ آئندہ سال میں کسان ورش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ ان کی حکومت خودکشی کرنے والے کسانوں کو فی کس 7 لاکھ روپئے راحت دینے کی تجویز رکھتی ہے۔ اس میں مرکز کا 1.5 لاکھ بھی شامل ہوگا۔