بی جے پی پر جے ڈی یو میں پھوٹ ڈالنے کی سازش کا الزام

نئی دہلی۔8فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) داخلی بحران کی گرفت میں جنتادل ( یو) نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اُس نے پورے بحران کی سازش رچائی ہے اور اس بات کی تردید کی کہ سابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار اقتدار کی ’’ہوس‘‘ رکھتے ہیں ۔ جے ڈی ( یو) کے ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی بی جے پی کی ایماء پر کام کررہے ہیں ‘ انہیں دہلی میں نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ انہیں ارکان اسمبلی کی اکثریت کی تائید حاصل نہیں ہے ۔ جے ڈی ( یو) کے ارکان اسمبلی نے نتیش کمار کو کل پٹنہ میں اپنا نیا قائد منتخب کرلیا ہے ۔ مانجھی نے چیف منسٹر کے عہدے سے استعفی دینے سے انکار کردیا ہے جب کہ پارٹی کے اجلاس میں کل اُن کی برقراری کو ’’غیردستوری‘‘ قرار دیا گیا ہے ۔ بی جے پی نے جے ڈی یو کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈی یو کا پورا بحران خود نتیش کمار اور اقتدار کے لئے ان کی ’’ہوس ‘‘کا نتیجہ ہے ۔ پارٹی کے ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ یہ بحران جے ڈی یو کا داخلی معاملہ ہے لیکن اب وہ اپنے بحران سے خود نمٹنے میں قاصر رہنے پر بی جے پی پر الزام عائدکررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے جے ڈی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت سے ترک تعلق کرلیا تھا ‘ کیونکہ نتیش کمار وزیراعظم بننے کے عزائم رکھتے تھے ۔ انہوں نے ایک مہا دلت جتن رام مانجھی کو چیف منسٹر بنوادیا تھا لیکن لوک سبھا انتخابات میں جے ڈی یو کا مظاہرہ انتہائی ناقص رہا ‘ چنانچہ نتیش کمار دوبارہ چیف منسٹر بننا چاہتے ہیں ۔