بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا آج اجلاس

نئی دہلی /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اپنی شاندار کامیابی کے بعد کل لوک سبھا انتخابات میں منتخب ہونے والے ارکان کے بارے میں غور و خوض کرنے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کیا ہے۔ بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی احمد آباد سے کل دہلی پہنچیں گے اور بورڈ کی جانب سے انھیں تہنیت پیش کی جائے گی۔ دہلی ایرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور اشوکا روڈ بی جے پی ہیڈ کوارٹر تک جلوس نکالا جائے گا۔
کرناٹک میں چار سابق چیف منسٹرس کامیاب۔ کمارا سوامی، دھرم سنگھ ناکام
بنگلور /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں چار سابق چیف منسٹروں نے کامیابی حاصل کی، جب کہ دیگر دو کو شکست ہوئی۔ مرکزی وزیر ایم ویرپا موئیلی، بی ایس یدی یورپا، ڈی وی سدا نند گوڑ اور سابق وزیر اعظم و جنتادل (ایس) سربراہ ایچ وی دیوے گوڑا جو اپنے حلقوں میں اصل امیدوار تھے، کامیاب ہوئے ہیں۔ جنتادل (ایس) کے ایچ ڈی کمارا سوامی چکبالا پور سے اور کانگریس امیدوار این دھرم سنگھ بیدر سے ناکام ہوئے ہیں۔