بی جے پی و آر ایس ایس نے ہندووں سے دھوکہ کیا : توگاڈیہ

ایودھیا 22 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انتر راشٹریہ ہندو پریشد کے سربراہ پروین توگاڈیہ نے آج بی جے پی اور آر ایس ایس پر ہندووں سے دھوکہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی بجائے بی جے پی اور آر ایس ایس یہاں ایک مسجد بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سابق وی ایچ پی لیڈر نے ادعا کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اب مسلمانوں کی خوشامد میں مصروف ہوگئے ہیں۔ آر ایس ایس نے یہاں مسلمانوں کو لاتے ہوئے سرجو ندی کے پانی سے وضو کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور سرجو ندی کے کنارے مسلمانوں نے نماز ادا کی ہے ۔ توگاڑیہ نے یہاں سرجو ندی کے کنارے اپنے حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ توگاڈیہ نے کہا کہ وہ کل عارضی رام مندر میں پریکرما کا انعقاد کریں گے اور وہاں ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کرینگے ۔