نئی دہلی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کی جانب سے کل یہ کہا گیا تھا کہ اروند کجریوال کی پارٹی کے سرکاری ویب سائیٹ پر جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے، عام آدمی پارٹی نے جوابی وار کرتے ہوئے بی جے پی کی ویب سائیٹ پر کشمیر کو ’’متنازعہ اراضی‘‘ ظاہر کیا گیا ہے۔ آدمی پارٹی نے اپنے دعوے کی تائید میں بی جے پی کی سرکاری ویب سائیٹ کو اس خبر سے مربوط کردیا۔ پارٹی لیڈر منیش سسوڈیا نے کہا کہ اس ویب سائیٹ پر کشمیر کو متنازعہ اراضی قرار دیا گیا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کتنی جھوٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلہ پر مباحث کیلئے تیار ہیں۔ نریندر مودی کی کل کی گئی تقریر پر عام آدمی پارٹی نے فوری تردید کی اور کہا کہ پارٹی کشمیر میں استصواب عامہ کا مطالبہ کرتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے استدلال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان نلین کوہلی نے کہا کہ وہ بھی مباحث کیلئے تیار ہیں۔
جیٹلی نہیں چاہتے کہ مودی وزیراعظم بنیں: امریندر سنگھ
امرتسر 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد امریندر سنگھ نے آج ارون جیٹلی پر ایک بار پھر لفظی وار کرتے ہوئے کہاکہ موصوف مبینہ طور پر یہ نہیں چاہتے کہ بی جے پی کو 160 سے زائد نشستوں پر کامیابی ملے اور نریندر مودی کے لئے وزارت عظمیٰ کے عہدہ پر فائز ہونے کی راہ ہموار ہوجائے۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور امرتسر سے کانگریسی امیدوار نے ادعا کیاکہ جیٹلی اور اُن جیسے دیگر لوگ یہ توقع کررہے ہیں کہ بی جے پی کے 160 نشستوں سے کم حاصل کرنے کی صورت میں مودی کے لئے ملک کا وزیراعظم بننا مشکل ہوجائے گا لہذا امرتسر کے عوام جیٹلی سے اس بیان کی وضاحت کے خواہاں ہیں کیونکہ اگر کوئی قائد خود اپنی ہی پارٹی اور اپنے ہی لیڈر کا وفادار نہیں ہوسکتا تو وہ امرتسر کے عوام کا وفادار کیسے ہوگا؟