بی جے پی نے ہمیں دغا دی : ادھو ٹھاکرے

ممبئی / احمد آباد 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا کے ساتھ مابعد انتخابات اتحاد کرنے کے اعلان کے ساتھ بی جے پی نے شیوسینا کے تعلق سے اپنے موقف میں نرمی پیدا کی ہے تاہم شیوسینا نے بی جے پی کے خلاف سخت تنقیدوں کا آغاز کردیا ہے اور پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی نے ودربھا مسئلہ اٹھانے کے مقصد سے اتحاد ختم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ان کی پارٹی کو دغا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اتحاد اس لئے ختم کیا کیونکہ وہ جانتی تھی کہ شیوسینا مہاراشٹرا کو تقسیم کرنے کا موقع نہیں دیگی ۔ انہوں نے ستارا ضلع میں پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران کہا کہ مہاراشٹرا ریاست ایک تھی ‘ ایک ہے اور ایک رہے گی ۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے علیحدہ ودربھا کی ہمیشہ تائید کی ہے تاہم شیوسینا اس کی مخالفت کرتی آئی ہے ۔ بی جے پی نے مہاراشٹرا کیلئے بڑے پیمانے پر انتخابی مہم شروع کردی ہے اور وہ اپنی تشہیر میں شیواجی کے نام کا بھی سہارا لے رہی ہے ۔ بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے واضح کیا تھا کہ ان کی پارٹی نے حالانکہ شیوسینا سے اتحاد ختم کردیا ہے لیکن انتخابات کے بعدیہ اتحاد دوبارہ ہوسکتا ہے ۔