10,000 کروڑ روپئے خرچ کئے : اکھیلیش
مین پوری ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ اترپردیش اکھیلیش یادو نے آج بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران صرف ٹی وی اشتہارات پر پارٹی نے 10,000 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ کرا اور کرپال حلقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھیلیش یادو نے کہا کہ نریندر مودی نے خود کو صرف اشتہارات تک محدود کردیا ہے جبکہ پارٹی اترپردیش میں ٹھوس قدم جمانے میں ناکام ہے۔ بی جے پی اور کانگریس ’’ٹافی‘‘ کو لیکر لفظی جنگ میں مشغول ہے جبکہ یو پی میں مودی کے کوئی اثرات نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ کانگریس قائد راہول گاندھی نے گجرات کے ترقیاتی ماڈل کو ٹافی ماڈل کہا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی نے کہا تھا کہ کانگریس اس طرح کے بیانات دیکر عوام کی توجہ اہم مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اکھیلیش نے کہا کہ ان کی حکومت نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا اور جن نوجوانوں کو مناسب روزگار حاصل نہیں ہوسکا انہیں بیروزگاری بھتہ دیا گیا۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اکھیلیش نے کہا کہ عوام کے پیسوں سے انہوں نے خود اپنا مجسمہ نصب کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی حکومت کے دوران بدعنوانیوں کا بول بالا تھا اور ایس پی حکومت نے اقتدار پر آنے کے فوری بعد متعدد بدعنوان وزراء اور عہدیداروں کو جیل بھیج دیا۔