سری نگر10دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ بی جے پی نہیں چاہتی ہے کہ رام مندر بنے ۔ بقول ان کے اگر رام مندر بن گیا تو بی جے پی کا اہم انتخابی مسئلہ ہی ختم ہوجائے گا۔غلام احمد میر پیر کے روز جموں میں کانگریس پارٹی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔ ایودھیامیں رام مندر کی تعمیر کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مسٹر میر کا کہنا تھا ‘مندر اس دیش میں ہونے چاہیے ۔ لوگوں کی عقیدت ہے ، اس کو تو روکا نہیں جاسکتا۔ رام مندر کا جہاں تک سوال ہے تو یہاں مندر کم اور سیاست زیادہ ہے ۔ پہلے صرف مندر کی بات ہوتی تھی، لیکن اب اس میں سیاست آگئی ہے ۔ سنہ 2014 میں بتایا گیا کہ مودی جی کو طاقت دو تو یہ مندر بنائیں گے ۔ ساڑھے چار سال گزر چکے ہیں۔ ان ساڑھے چار برسوں کے دوران مودی جی کے بین الاقوامی دورے ہی ختم نہیں ہوئے ۔ ہر ماہ چار بین الاقوامی دورے کرتے ہیں’۔انہوں نے کہا ‘اگر گزشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران انہوں نے مخلصانہ کوششیں کی ہوتیں تو مجھے لگتا ہے کہ ان کا ہدف بھی پورا ہوچکا ہوتا۔ مگر بی جے پی خود نہیں چاہتی ہے کہ مندر بنے ۔ کیونکہ جس دن مندر کی تعمیر شروع ہوگی تو ان کا انتخابی موضوع ختم ہوجائے گا۔