نئی دہلی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )آر ایس ایس نے آج اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہیکہ سابق آئی پی ایس آفیسر کرن بیدی کی بی جے پی میں شمولیت پر تنظیم کے سربراہ موہن بھگوت ناخوش ہیں اور کہا کہ حکومت اور سنگھ کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے اس طرح کی مذموم خبریں پھیلائی جارہی ہیں ۔ آر ایس ایس پرچار پرمکھ منموہن ویدیہ نے اپنے ٹوئٹر پر کہا بی جے پی میں کرن بیدی کی شمولیت پر بھگوت جی کی ناراضگی سے متعلق رپورٹ بعید از حقیقت ہے اور یہ حکومت اور آر ایس ایس کے درمیان اختلافات بھڑکانے کی ایک مذموم کوشش ہے ۔ واضح رہے کہ کرن بیدی نے جمعرات کے دن بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ سابق آئی پی ایس آفیسر اور ارویند کجریوال ،ٹیم انا ہزارے کی ارکان تھے جنہوں نے سابق یو پی اے حکومت کے دور میں لوک پال بل کی منظوری کیلئے زور و شور سے مہم چلائی تھی ۔ کرن بیدی نے بی جے پی میں شمولیت سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور کہا کہ وہ ان کی شخصیت سے متاثر ہوئی ہیں۔