بھوپال۔ 16؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی بھانجی کرونا شکلا نے جنھوں نے بی جے پی سے استعفیٰ دے کر حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی، آج کہا کہ زعفرانی پارٹی بی جے پی میں اب واجپائی اور ایل کے اڈوانی جیسے قائدین کا دور ختم ہوگیا ہے۔ سابق لوک سبھا رکن کرونا شکلا نے گزشتہ سال اکٹوبر میں بی جے پی سے استعفیٰ دیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ سینئر قائدین کی جانب سے انھیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا تھا۔ 63 سالہ شکلا نے کہا کہ بی جے پی میں سینئرس اور قدآور قائدین کی کوئی عزت نہیں ہے۔ بی جے پی کو اب چند مٹھی بھر انفرادی شخصیتیں چلارہی ہیں۔ نریندر مودی، راج ناتھ سنگھ اور چند دیگر کے ہی اشاروں پر کام ہورہا ہے۔ سینئر قائدین کے جذبات اور تجربات کا پاس و لحاظ نہیں رکھا جارہا ہے۔ شکلا نے جنھوں نے 32 سال تک بی جے پی کے لئے کام کیا، کہا کہ پارٹی چھوڑنا ان کے لئے تکلیف دہ فیصلہ تھا، کیوں کہ جس پارٹی کے لئے انھوں نے وارڈ سطح سے لے کر قومی سطح تک ترقی دینے کے لئے کام کیا، اب پارٹی میں نظر انداز کیا جارہا تھا۔