بی جے پی میں نریندر مودی کی شخصیت پرستی کی تردید

جسونت سنگھ کے الزامات مسترد، ارون جیٹلی کا بیان
نئی دہلی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے لیڈر ارون جیٹلی نے اپنی پارٹی میں شخصیت پرستی سے متعلق جسونت سنگھ کے الزامات کو آج مسترد کردیا اور کہا کہ نریندر مودی کی شخصیت پرستی نہیں کی جارہی ہے۔ جیٹلی نے کہا کہ باغی لیڈر محض ٹکٹ سے محرومی کے سبب ایسے الزامات عائد کررہے ہیں۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ بی جے پی اپنے لیڈر نریندر مودی کی کرشماتی شخصیت سے انتخابات میں فائدہ اٹھانا چاہتی ہے لیکن ان کی قیادت میں کوئی شخص حکومت نہیں بلکہ این ڈی اے حکومت تشکیل پائے گی۔ جسونت سنگھ نے کہا تھا کہ شخصیت پرستی کے سبب مودی کو پہلا اور بی جے پی کو ثانوی مقام حاصل ہوگیا ہے۔

راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ارون جیٹلی نے گوگل ہینک آوٹ مذاکرہ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ’’جسونت سنگھ کے ان تبصروں پر مجھے زیادہ بھروسہ ہوتا اگر وہ ایک ہفتہ قبل ایسا کہتے۔ اگر وہ (جسونت سنگھ) یہ سب کچھ محسوس کررہے تھے تو وہ پارٹی کے اجلاس میں شرکت کررہے تھے اور ایک ہفتہ قبل بھی ان خیالات کا اظہار کرسکتے تھے‘‘۔ سابق مرکزی وزیر جسونت سنگھ بی جے پی ٹکٹ سے محرومی کے بعد حلقہ لوک سبھا بارمیر سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ جسونت سنگھ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ’’نامو نامو تماشہ‘‘ اور بی جے پی میں فیصلہ سازی کے انداز سے 1975ء کے دوران اندرا گاندھی کی طرف سے نافذ ایمرجنسی کی یادیں تاہ ہوجاتی ہیں‘‘۔ مودی کی جانب سے شخصیت پرستی کی حوصلہ افزائی اور جماعت کو پس پشت ڈال دیئے جانے سے متعلق ایک سوال پر ارون جیٹلی نے جواب دیا کہ اگر یہ سوال آپ مودی سے کریں گے تو یہی جواب دیں گے کہ وہ اپنی شخصی حکومت قائم نہیں کریں گے بلکہ این ڈی اے حکومت کی قیادت کریں گے۔