بی جے پی میں شمولیت پر چیف منسٹر دہلی بنانے کی پیشکش

نئی دہلی۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی رکن پارلیمان نے انہیں پیشکش کی کہ وہ اپنے دیگر عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی کے ساتھ اگر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں اور تشکیل حکومت میں مدد کریں تو انہیں دہلی کا چیف منسٹر بنایا جائے گا۔ کمار وشواس نے لوک سبھا انتخابات میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے خلاف امیٹھی سے مقابلہ کیا تھا اور انہیں شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 19 اگست کو غازی آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس میں بی جے پی رکن پارلیمان نے یہ تجویز پیش کی۔ انہوں نے اس رکن پارلیمان کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کیا لیکن عام آدمی پارٹی کے ایک اور لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ پیشکش کرنے والے منوج تیواری تھے۔ منوج تیواری نے ان کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی اطلاعات کے پس منظر میں کہا کہ بعض عام آدمی پارٹی لیڈرس ان کی امیج مسخ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ کمار وشواس نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمان نے بتایا کہ اگر وہ اس تجویز سے اتفاق کرتے ہیں تو وہ پارٹی کے سینئر قائدین سے بات کریں گے لیکن کمار وشواس نے اسے مسترد کردیا۔ عام آدمی پارٹی لیڈر کے یہ ریمارکس ایسے وقت منظر عام پر آئے جبکہ بی جے پی نے یہ اشارے دیئے تھے کہ لیفٹننٹ گورنر اگر دعوت دیں تو وہ دہلی میں تشکیل حکومت کیلئے تیار ہے۔بی جے پی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمار وشواس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی دھمکی دی ہے۔

کمار وشواس کا بے بنیاد دعویٰ :بی جے پی
ایم پی کی شناخت بتائی جائے: کانگریس
نئی دہلی۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آپ لیڈر کمار وشواس کے دعویٰ کو یکسر مسترد کردیا جبکہ کانگریس نے ان سے رکن پارلیمان کی شناخت ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔ دہلی بی جے پی صدر ستیش اپادھیائے نے وشواس پر سیاسی مفادات کیلئے بے بنیاد الزام اور جو کچھ کہا گیا ہے، اس کا ثبوت فراہم کرنے کا چیلنج کیا۔ کانگریس ترجمان مکیش شرما نے کمار وشواس کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ انہیں پیشکش کرنے والے بی جے پی رکن پارلیمان کے نام کا انکشاف کرنا چاہئے۔