بھنڈ، 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر کمل ناتھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کے پاس کوئی مجاہد آزادی نہیں ہو، وہ کانگریس کو قوم پرستی کا درس دے رہی ہے ۔ضلع کے لھار میں کل ‘پریورتن سبھا’ سے خطاب کرنے آئے مسٹر کمل ناتھ نے جارحانہ انداز میں بی جے پی کے اعلی کمان اور ریاست کی قیادت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج قوم پرستی کی بات کرتے ہیں، جس پارٹی کے پاس کوئی مجاہد آزادی نہیں، وہ کانگریس کو قوم پرستی کا درس دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی کسانوں کا قرض معاف ہو جائے گا، کسانوں کو پوری بجلی نصف قیمت میں دی جائے گی۔اس دوران اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ نے کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنی تو بندوق لائسنس کے عمل میں ڈھیل دی جائے گی۔’پریورتن سبھا’ میں لھار کے ممبر اسمبلی ڈاکٹر گووند سنگھ نے کہا کہ غیر قانونی کھدائی علاقہ کا بڑا مسئلہ ہے ۔ مرینا میں اب تک سات سرکاری حکام کی ریت مافیا نے جان لے لی، وہیں بھنڈ میں گزشتہ 14 سال میں غیر قانونی کھدائی معاملہ میں جدوجہد کے دوران 79 لوگوں کی جان جا چکی ہے ۔