پٹنہ ۔22 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی اور این ڈی اے میں شامل حلیوں کے درمیان اندرونی جھگڑوں پر تبصرہ کرتے ہوئے آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد نے کہا کہ بی جے پی آگ کی لپیٹ میں ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ کب کیا ہوگا ۔ لالو پرساد نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’ بی جے پی میں آگ ہے ‘ کسی کو پتہ نہیں کہ کب زلزلہ آئے گا یا کونسا آتش فشاں پھٹ پڑے گا ‘ کوئی بھی نہیں جانتا کہ کب کیا ہوگا ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ان ( بی جے پی) کے سینئر ترین لیڈر ایل کے اڈوانی کہہ رہے ہیں کہ ملک میں ایمرجنسی واپس آئے گی ۔ ان کے چند دوسرے لیڈرس ان کے قدموں پر گررہے ہیں ‘ اس کے بعد وہ کہہ رہے ہیں کہ ملک پر صرف ایک ہی شخص کی حکمرانی ہے ‘‘ ۔