لالو پرساد کا مظفر نگر کا دورہ ۔ راہول گاندھی کی زبردست ستائش
مظفر نگر 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مظفر نگر فساد متاثرین کے ریلیف کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے اس کیلئے بی جے پی اور سماجوادی پارٹی دونوں کو ذمہ دار قرار دیا اور انہوں نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور اروند کجریوال ‘ راہول گاندھی کے سامنے کچھ بھی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال اور مودی راہول گاندھی کے سامنے کچھ بھی نہیں ہیں۔ راہول گاندھی ‘ راہول گاندھی ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ میڈیا نے ہی کجریوال اور مودی کو یہ مقام دیا ہے اور انہیں چاند پر بٹھادیا ہے ۔ میڈیا نے انہیں تشہیر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس کے ساتھ مفاہمت کریگی ۔
راہول گاندھی کے ایک ہفتے بعد ریلیف کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے اسی خیال کا اظہار کیا کہ ریلیف کیمپس میں رہنے والوں کو اپنے گھروں کو واپس چلے جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں متاثرین کے آنسو پونچھنے آئے ہیں۔ متاثرین کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں کو چلے جائیں اور حکومت انہیں امداد فراہم کرے ۔ عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے لالو نے کہا کہ پارٹی لال بتی کی گاڑی اور سکیوریٹی جیسے مسائل پر عوامی توجہ حاصل کرنے ڈرامہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کرپشن کے تعلق سے بات کرتی ہے لیکن وہ خود بھی کرپٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ کو یو پی میں ذمہ داری دینے کے بعد فساد ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس ‘ مودی اور امیت شاہ یہاں کام کر رہے ہیں اور اس کے بعد ہی فسادات ہوئے ہیں۔ وہ سارا ماحول خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک کی دشمن ہے اور ہم بی جے پی کے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پہلے افواہ پھیلائی تھی کہ گنیش کی مورتیاں دودھ پی رہی ہیں وہی اب سارے سماج کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونک رہی ہیں۔