کولکتہ ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مجوزہ میونسپل الیکشن کیلئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر بغاوت سے دوچار بی جے پی مغربی بنگال کے صدر راہول سنہا جن کا گھیراؤ کیا گیا ہے، آج خبردار کیا کہ پارٹی میں ناراضگی اور ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سخت تادیبی کار روائی کی جائے گی۔ مسٹر سنہا کا آج ناراض پارٹی کارکنوں نے ان کے آفس میں گھیراؤ کردیا ۔ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ تین پارٹی کارکنوں کو خارج کردیا گیا ہے جنہوں نے کل پارٹی آفس کے باہر غیر شائستہ سلوک کیا تھا ۔ مسٹر سنہا نے بی جے پی ہوڑہ یونٹ کارکنوں کے موقف کی تائید کی جنہوں نے پارٹی آفس کے باہر ڈرامہ کرنے والوں کی پٹائی کردی تھی ۔