بی جے پی محض انتخابات کے وقت رام کو یاد کرتی ہے :گہلوٹ

الور،28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کے لوگ انتخابات کے وقت ہی رام کو یاد کرتے ہیں، جبکہ ان کی رام میں کوئی آستھا نہیں ہے ۔ آج الور ضلع کے بانسور میں کانگریس امیدوار شکنتلا راوت کی حمایت میں انتخابی ریلی کو خطاب کرنے کے بعد مسٹر گہلوٹ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ بی جے پی والے شکست کے خوف سے گھبرائے ہوئے ہیں۔ ان کا ہندو سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ ان کی رام میں کوئی آستھا نہیں ہے ۔ انتخابات آتے ہی رام یاد آ جاتے ہیں۔ عوام سب کچھ سمجھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب شکست کا خوف اس قدر ہے کہ انتخابات میں کامیاب ہونے کے لیے ہنومان جی کی بھی ذات بتانے لگے ہیں۔ رام گڑھ میں بی جے پی کے رکن اسمبلی گیان دیو اَ ہوجا کے کانگریسی امیدوار صفیہ خان کو ناگن بتانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اہوجا کی باتوں پر توجہ نہیں دینا چاہیے ۔ وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ وہ خود لنکیش ہیں۔