بی جے پی مجلس عاملہ کا 8اور 9 ستمبر کو اجلاس

نئی دہلی،23 اگست(سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ آٹھ و نو ستمبر کو دہلی میں ہونے کے امکانات ہیں۔یہ میٹنگ 18 اور 19 اگست کو ہونی تھی لیکن 16 اگست کو بی جے پی کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔واجپئی کے احترام میں سات دنوں کے قومی سوگ کا اعلان کیا گیا تھا جو کل ختم ہوگیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ کی نئی تاریخ آٹھ و نو ستمبر طے کی گئی ہے ۔ میٹنگ کناٹ پیلس کے قریب واقع نئی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کے آٖٖڈیٹوریم میں ہوگی جہاں وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق پہلے دن قومی ذمہ داران کی میٹنگ بلائی گئی ہے ،اس میں قومی ذمہ دار،ریاستی انچارج،نائب انچارج،صوبائی صدورموجود ہونگے ۔یہ میٹنگ صبح 10 بجے سے شروع ہوگی اور دوپہر دو بجے تک چلے گی اس کے بعدقومی مجلس عاملہ کی میٹنگ کا آغاز شام چار بجے سے ہوگا جو اگلے دن شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوگی۔میٹنگ کی صدارت پارٹی کے صدر امت شاہ کریں گے ۔