بی جے پی لیڈر کے گھر سے جعلی کرنسی برآمد

تھریسور 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں بی جے پی یوا مورچہ لیڈر کے گھر سے جعلی کرنسی ضبط کرلی گئی ہے۔ پولیس نے اِن جعلی کرنسی نوٹوں کے علاوہ پرنٹنگ مشینوں کو ضبط کیا ہے۔ سری نارائنا پورم کے قریب بی جے پی لیڈر کے گھر سے ان اشیا کی ضبطی کے بعد یوا مورچہ لیڈر 31 سالہ ارشری راکیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بی جے پی ذرائع نے کہاکہ راکیش یوا مورچہ کا علاقائی کمیٹی کا رکن تھا۔ اِس کا بھائی راجو بھی اِس کیس میں ملوث ہے۔ پولیس نے کہاکہ ضبط شدہ جعلی کرنسی کی لاگت 1.31 لاکھ ہے۔ اِس میں دو ہزار کے 65 نوٹ، 500 کے آٹھ، 50 کے پانچ اور 20 کے دس نوٹ شامل ہیں۔ چلاکوڈی کے ڈی ایس پی ساحل احمد نے کہاکہ انٹلی جنس اطلاع کے بعد پولیس نے راکیش اور راجو کے مکانات پر دھاوے کئے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بی جے پی ارکان غیر قانونی رقومات کی منتقلی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ انکے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد ہی غیر قانونی رقومات کی منتقلی کے خلاف پولیس کی شروع کردہ آپریشن کوبرا کے حصہ کے طور پر یہ کارروائی کی گئی تھی۔