بی جے پی لیڈر کرناٹک اسمبلی کی امیدواری سے لمحہ آخر دستبردار، کانگریس میں واپس

بنگلور۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک اسمبلی کی دو نشستوں اور لوک سبھا کی تین سیٹوں پر 3 نومبر کو ھونے والے ضمنی انتخابات سے محض 48 گھنٹے پہلے رام نگر اسمبلی سیٹ پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رکن اسمبلی چندر شیکھر نے پارٹی قائدین پر انہیں ’نظر انداز‘، کرنے کا الزام لگاتے ہوئے نام واپس لیکر پارٹی کو زبردست جھٹکہ دیاہے ۔ چندرشیکھر نے یہاں سے 50 کلو میٹر دور رام نگر میں نام واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ کافی توقعات کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور ہونے والے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی طرف سے امیدوار بھی بنے لیکن پارٹی نے مجھے زبردست طریقے سے نظر انداز کیا ہے اور میرے لئے پارٹی کے کوئی رہنما انتخابی مہم چلانے نہیں آئے ۔انہوں نے کہا، ”میں بنیادی طور پر ایک کانگریسی لیڈر ہوں اور چند ہفتوں میں مجھے احساس ہوا کہ بی جے پی کیا ہے اور اس پارٹی میں میرے جیسے لیڈر کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ پارٹی رام نگر ضلع میں داخلی کشیدگی سے گھری ہوئی ہے ۔ بی جے پی کے رہنماؤں کا رویہ میرے لئے حیران کن ہے ۔ اس لئے میں انتخابی میدان سے ہٹ رہا ہوں اور اس انتخاب میں وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامي کی بیوی جے ڈی (ایس) کانگریس کے متحدہ امیدوار ایم ایس انیتا کمارسوامی کی حمایت کروں گا۔