بی جے پی لیڈر ونئے کٹہیار کے بیان کی مذمت

محبوب نگر 5 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد یوسف نقشبندی ریاستی جوائنٹ سکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ نے اپنے صحافتی بیان میں بی جے پی لیڈر ونئے کٹہیار ایم پی کے بیان کی شدید مذمت کی اور کہاکہ رام مندر کی تعمیر کے لئے پارلیمنٹ میں قانون سازی اور آرڈیننس کی اجرائی کا مطالبہ غیر دستوری ہے کیونکہ بابری مسجد کا مقدمہ سپریم کورٹ میں زیردوران ہے۔ اس کے باوجود ونئے کٹہیار کا یہ بیان صرف ملک میں کشیدگی پیدا کرنے اور حالات کو بگاڑنے کا موجب بن سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ایک طرف وزیراعظم نریندر مودی مسلمانوں کی ترقی کی باتیں کرکے خوش کن بیانات دیتے ہیں۔ مسلمانوں کی ہمدردی کے لئے کوشاں رہتے ہیں تو دوسری طرف ان کے ہمنواؤں کو قابو میں نہیں رکھتے۔ نریندر مودی چند نام نہاد علماء جو انتخابات میں ان کا ساتھ دیئے ہیں ان سے ملاقات کرکے غلط فہمی کا شکار ہیں کہ اس طرح وہ مسلمانوں کی تائید حاصل کرسکیں گے۔