بی جے پی لیڈرکی تقریر ، الیکشن کمیشن کو سی ڈی مطلوب

کولکاتا؍ نئی دہلی ۔ 28 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) جاریہ انتخابی مہم کے دوران اپنی نوعیت کے ایسے پہلے اقدام میں جس میں نریندر مودی شامل ہیں ، الیکشن کمیشن نے آج مغربی بنگال میں کی گئی اُن کی تقریر کی سی ڈی اور اُس کا مواد طلب کیا ہے جس میں اُنھوں نے چیف منسٹر ممتا بنرجی کی ایک پینٹنگ کی قیمت فروخت پر سوالات اُٹھائے تھے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے کل سیرامپور میں منعقدہ ریالی میں مودی کی تقریر کا ازخود نوٹ لیتے ہوئے انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے جانچ پڑتال کی حالانکہ اس دوران ممتا بنرجی نے مودی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ برسراقتدار آجائیں تو ملک ’’تباہ‘‘ ہوجائے گا اور تاریکی میں غرق ہوجائے گا ۔ ایک روز قبل ہی انھوں نے مودی کو ’’گجرات کا قصاب‘‘ قرار دیا تھا۔ کولکتہ میں سی ای او کے دفتر کے او ایس ڈی امیت رائے چودھری نے کہا کہ ہم نے ہوگلی کے ضلع مجسٹریٹ سے نریندر مودی کی کل سیرامپور میں کی گئی تقریر کی سی ڈی اور تمام تر مواد مانگا ہے ۔ تاہم رائے چودھری نے کہاکہ کمیشن کو اس مسئلے پر ہنوز شکایت وصول ہونا ہے اور ای سی کا ازخود اقدام اُس اساس پر ہے جو کچھ اُنھوں نے مختلف ٹی وی چینلوں پر دیکھا ہے۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ مخصوص پینٹنگ خطیر رقم پر فروخت کی گئی ، مودی نے کہا تھا :’’ آپ کی ( ممتا ) پینٹنگس 4 لاکھ ، 8لاکھ یا 15 لاکھ روپئے میں فروخت ہوتی ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ آپ کی ایک پینٹنگ 1.80 کروڑ روپئے میں فروخت ہوئی۔ میں آرٹ کی قدر کرتا ہوں لیکن وہ کون شخص ہے جس نے یہ پینٹنگ 1.80کروڑ روپئے میں خرید لی‘‘۔ رائے چودھری نے کہا کہ ای سی جامع انداز میں تقریر کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھے گا کہ آیا انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے ؟ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار کے خلاف ممتا بنرجی کی جانب سے نہایت بیباکانہ انداز میں لفظی حملہ ہوا ہے جبکہ برسراقتدار ترنمول کانگریس نے مطالبہ کیا کہ وہ ٹی ایم سی لیڈر کی سیاسی قدر پر شک کرنے پر اُن سے معذرت خواہی کرے۔ قبل ازیں دن میں ٹی ایم سی لیڈر مکل رائے نے کہا کہ پارٹی نے ای سی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے شکایت کی کہ اس طرح کے غیرضروری الزامات انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔ اپنے گجرات ہم منصب کی جانب سے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ انھوں نے مغربی بنگال کو 35 ماہ کی حکمرانی میں لیفٹ فرنٹ کے 35 سال سے کہیں زیادہ نقصان پہنچایا ہے ، ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ انھیں ’’معمارفسادات ‘‘ سے ترقی پر ’’گیان‘‘ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ’’اگر وہ برسراقتدار آئیں تو ہندوستان اندھیرے میں ڈوب جائے گا ۔ ہمیں ترقی کے بارے میں فسادات کے ماہر سے کوئی گیان درکار نہیں ہے‘‘۔ ممتا بنرجی نے یہ ریمارکس ٹوئٹر پر کئے جو اشارہ ہے کہ ٹی ایم سی بی جے پی کے ساتھ مابعد چناؤ اتحاد نہیں کرے گی ۔