کیندرا پاڑہ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو زور دے کر کہا کہ دو مرحلوں کی ووٹنگ کے بعد ملک میں بی جے پی لہر کے باعث اپوزیشن پارٹیوں اور کانگریس قائدین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور ان کیلئے بی جے پی چیلنج ایک للکار بن گئی ہے۔ ایک ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے اوڈیشہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے دونوں ہاتھوں سے کنول پھول کے بٹن کو دبائیں۔ ایک لوک سبھا اور دوسرا ریاستی اسمبلی کیلئے۔ انہوں نے یہ نعرہ لگایا کہ ’’لہر نہیں یہ للکار ہے، پھر ایک بار مودی سرکار ہے‘‘۔ یہ بھی کہا کہ ان کو جوعزت اور احترام اب ملی ہے، وہ 2014ء میں نہیں ملا تھا اور دو مرحلوں کے انتخابی رجحان سے پتہ چلتا ہے کہ عوام بی جے پی کی تائید میں ہیں۔ مودی نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں بی جے پی زیرقیادت حکومت پر لٹکائے گئے رشوت الزامات میں سے ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا اور جنہوں نے الزامات لگائے تھے، وہ آج ایک گوشہ میں چلے گئے اور اب ووٹرز ان جھوٹوں کو سبق سکھا رہی ہے اور کانگریس اور دوسری اپوزیشن پارٹیاں حواس باختہ ہوچکی ہیں اور اب نئے الزامات کے ذریعہ سے میرے پر کیچڑ اُچھال رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پٹنائک زیرقیادت بی جے ڈی حکومت کو صرف عوامی ووٹوں سے پیار ہے اور حکومت کو عوامی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہیں۔ آخر میں کہا کہ ’’نوین بابو اب وقت آچکا ہے کہ آپ رخصت ہوجائیں‘‘۔
گلوکار ہنس راج ہنس نارتھ ویسٹ دہلی سے بی جے پی امیدوار
نئی دہلی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) منگل کو بی جے پی نے گلوکار ہنس راج ہنس کو حلقہ لوک سبھا نارتھ ویسٹ دہلی سے پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے اور آج وہ آخری دن اپنا پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ موجودہ ایم پی ادت راج نے دھمکی دی تھی کہ اگر ان کو پارٹی ٹکٹ نہ دیتی ہو تو وہ بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ یہی وجہ تھی کہ پارٹی نے آخری وقت میں اپنے امیدوار کا اعلان کیا۔ ہنس راج، عام آدمی پارٹی کے گوگن سنگھ اور کانگریس کے راجیش لیلوتیا سے مقابلہ کریں گے۔