بی جے پی لوجہاد کے نام پر ملک کو تقسیم کرنے والی مکار پار ٹی:اکھلیش

مین پوری۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو نے بی جے پی کو انتہائی مکار پا رٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’لو جہاد‘‘ کے نام پر پارٹی ملک کو تقسیم کروانا چاہتی ہے ۔ لوک سبھا ضمنی انتخابات کیلئے ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ بی جے پی سے بڑی مکار پارٹی اور کوئی نہیں ۔ میں مین پوری کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ رائے دہی کے وقت ا پنی عقل اور ہوش و حواس کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست فاش سے دوچار کریں۔ انہوں نے بی جے پی پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جو لوگ ’’اچھے دن‘‘ لانے کی باتیں کر رہے تھے، وہی لوگ اب ’’لو جہاد‘‘ کی مالا جپ رہے ہیں۔ لہذا مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ لوجہاد کی باتیں کرنے والے ملک کی عوام کو فرقہ وارانہ سطح پر تقسیم کردینا چاہتے ہیں اور اسطرح منافرت کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوامی آدتیہ ناتھ کو بھی درپردہ نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب بابا لوگ بھی لو جہاد کی باتیں کر رہے ہیں ۔ یہی بابا کچھ عرصہ قبل جھانسی میں بھی فرقہ وارانہ فضا کو مکدر کرچکے ہیں۔ ہم بی جے پی سے مباحثہ کرنا چاہتے ہیں کہ آخر اس نے اترپردیش میں کن ترقیاتی کاموں کا وعدہ کیا ہے ۔ وہ کس نئے پل اور سڑک کی تعمیر میں دلچسپی رکھتی ہے وغیرہ وغیرہ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی الزام عائد کیا کہ انتخابی مہمات کے دوران انہوں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، انہیں یکسر فراموش کردیا ہے۔