بی جے پی قیادت نے اڈوانی کو بیت المعمرین بھیج دیا : نتیش کمار

پٹنہ ۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج بی جے پی کی موجودہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے نامور قائد ایل کے اڈوانی کو ’’بیت المعمرین‘‘ بھیج دیا گیا ہے۔ نتیش کمار نے بہار اسمبلی میں خط اعتماد کے سلسلہ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اڈوانی جی کی صحت اچھی ہے اس کے باوجود انہیں بیت المعمرین بھیج کر مارگ درشک منڈل بھیج کر اس کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔ اسی منڈل میں بی جے پی کے ایک اور نامور قائد مرلی منوہر جوشی بھی شامل کئے گئے ہیں۔ اڈوانی جی نے بی جے پی کو دو ارکان پارٹی سے برسراقتدار پارٹی میں تبدیل کردیا لیکن موجودہ قیادت نے انہیں کچرے میں پھینک دیا۔ کبھی بی جے پی کا نعرہ تھا ۔ ’’بی جے پی کے تین دھروہر اٹل اڈوانی اور مرلی منوہر ‘‘ لیکن بی جے پی قیادت کی انتہاء پسند انا نے پارٹی کو مختلف سمت دے دی ۔