ئی دہلی ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا کہ پارٹی قومی مفاد میں کسی کی بھی تائید کا خیرمقدم کرے گی، حالانکہ اکثر اگزٹ پولس اور خود اس کے پیش قیاسیوں نے اس کی زیر قیادت این ڈی اے کو اکثریت دی ہے۔ بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے کو 290 اور 305 نشستوں کے درمیان کوئی عددی طاقت حاصل ہوگی،جن میں اترپردیش میں 50 تا 55 لوک سبھا نشستیں شامل ہیں، جہاں وہ پارٹی امور کے انچارج ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے 272+ کیلئے انتخابی لڑائی کی اور
ہمیں وہ حاصل ہورہے ہیں۔ کوئی بھی پارٹی جس کا واحد ایم پی بھی ہو اور ہماری تائید کرنا چاہے تو ہم اس کا قومی مفاد میں خیرمقدم کریں گے ۔ دریں اثناء سرکردہ بی جے پی قائدین مابعد چناؤ کی صورتحال پر ایک دوسرے کیساتھ مشاورتوں میں مشغول ہوگئے ہیں۔ سابق صدر بی جے پی نتن گڈکری نے آج ایل کے اڈوانی سے ملاقات کی۔ صدر پارٹی راج ناتھ سنگھ نے سشما سوراج کیساتھ میٹنگ منعقد کی جبکہ نریندر مودی نے متعدد قائدین بشمول راج ناتھ کے علاوہ سنگھ پریوار کی قیادت کیساتھ میٹنگس منعقد کئے ہیں۔