جموں ۔ یکم / نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع کشٹوار میں آج رات کرفیو نافذ کردیا گیا جبکہ ریاستی بی جے پی قائد اور اس کے بھائی کو گولی مارکر ہلاک کردینے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اندیشہ ہے کہ قتل کی یہ واردات مشتبہ عسکریت پسندوں نے کی تھی جس کی وجہ سے مقامی شہریوں کے احتجاج کا آغاز ہوگیا ۔ ریاست کے بی جے پی سکریٹری انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت کشٹوار میں اپنی دوکان سے واپس ہورہے تھے جبکہ ان پر انتہائی قریب سے فائرنگ کی گئی ۔ ان دونوں کے قتل کے بعد قصبہ میں کشیدگی پھیل گئی ۔ مقامی شہریوں نے احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ ان کی ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد عہدیداروں نے کشٹوار میں کرفیو نافذ کردیا ۔ جنرل سکریٹری بی جے پی نے اس واقعہ کی مذمت کی ۔