بی جے پی قائد پولنگ کے اوقات میں شام 7 بجے تک توسیع کے خواہاں

بھوپال 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک قائد نے مطالبہ کیا ہے کہ رائے دہی کے بہتر تناسب کے لئے پولنگ کا وقت شام سات بجے تک بڑھادینا چاہئے۔ بی جے پی کے مدھیہ پردیش لوک سبھا انتخابی مہم کے انچارج و ایم پی انیل دوے نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے حالانکہ رائے دہی کے اوقات میں ایک گھنٹہ کا اضافہ کرکے اس کی شام 6 بجے تک توسیع کی ہے لیکن شہری اور دیہی علاقوں میں رائے دہی کے بہتر تناسب کے لئے 6 بجے کے بجائے 7 بجے تک توسیع کی جانی چاہئے۔ چونکہ انتخابات گرما کے موسم میں منعقد ہورہے ہیں اور دن کے اوقات طویل ہوتے ہیں لہذا رائے دہندوں کو شام 7 بجے تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لئے کافی وقت مل جائے گا۔

اُنھوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں وہ الیکشن کمیشن کو بھی مکتوب تحریر کریں گے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں الیکشن کمیشن کے ڈائرکٹر نے اپنے حکمنامہ میں کہا تھا کہ مختلف وجوہات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جیسے موسم گرما اور کچھ خطوں میں سورج کا جلد طلوع ہونا اور غروب ہونا، اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ پولنگ کے لئے صبح 7 بجے کا وقت مناسب رہے گا۔ لہذا پولنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔ جن کا اطلاق تمام پارلیمانی حلقہ رائے پر ہوگا۔ شمال مشرقی خطوں میں پولنگ کے لئے صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے جبکہ منی پور اور ناگالینڈ میں پولنگ کا وقت صبح 7 تا شام 4 بجے مقرر کیا گیا ہے اور کچھ دیگر پارلیمانی حلقوں میں سکیوریٹی وجوہات کی بنیاد پر پولنگ کے اوقات صبح 7 بجے تا شام 4 بجے مقرر کئے گئے ہیں۔