بی جے پی قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرنے پر احتجاج

نئی دہلی 6 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی نے آج دہلی پولیس پر تنقید کی کہ اس نے دو سیاسی پارٹیوں کے ورکرس کے درمیان پُر تشدد احتجاج کے بعد بی جے پی قائدین اور ورکرس کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا۔ بی جے پی ورکرس نے عام آدمی پارٹی کے ارکان پر حملہ کیا اور سنگباری کی۔ عام آدمی پارٹی لیڈر شاذیہ علمی نے پولیس پوچھ گچھ کے بعد پولیس اسٹیشن سے باہر آتے ہوئے اخباری نمائندوں سے کہا کہ پولیس کا یہ دوہرا رویہ قابل مذمت ہے ۔ پولیس کو اس واقعہ کی تصاویر دیکھنی چاہئے اس کے بعد ہی انصاف کرسکے گی۔

ممتا بنرجی اور انا ہزارے کا 20 مارچ کو دورہ گجرات
احمد آباد 6 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی سربراہ ارویند کجریوال کے طوفانی دورہ گجرات کے بعد چیف منسٹر مغربی بنگال اور ترنمول کانگریس صدر ممتا بنرجی 20 مارچ کو گجرات کا دورہ کریں گی۔ انا ہزارے بھی دورہ کررہے ہیں ۔ یہ دونوں مشترکہ ریالی سے خطاب کریں گے۔ انا ہزارے کو گجرات سمتا پارٹی سربراہ پی جڈیجہ نے گجرات آنے کی دعوت دی ہے ۔ رشوت کے خلاف مہم چلانے والے جہد کار انا ہزارے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے ہمراہ گجرات پہنچیں گے ۔ ان کے ساتھ فلم اداکار اور راجیہ سبھا رکن متھن چکرورتی بھی ہوں گے ۔