بھوپال، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ریاست میں بڑھتی ہوئی پاکستانی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی سرگرمیوں اور مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی ارکان سے اس کے رابطوں کا معاملہ اٹھایا۔ وقفہ صفر کے دوران کانگریس ممبر اسمبلی کے پی سنگھ نے یہ معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحریک التوا اور تحریک توجہ دہانی پیش کی ہے ، لیکن بحث کے سلسلے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس میں حکمراں پارٹی کے بھی کئی ارکان شامل ہیں اور حکومت اس پر بحث کرانے سے بچ رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ نے بھی اس پر بحث کرائے جانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگین معاملہ ہے اور اس پر پارٹی نے تحریک التوا پیش کی ہے۔ اسپیکر ڈاکٹر سیتاسرن شرما نے معاملے پر غور کرکے اس بارے میں جلد مطلع کئے جانے کا یقین دلایا ہے ۔