بی جے پی قائدین کا راست انتخابی مقابلہ سے گریز : اکھیلیش

اعظم گڑھ (یوپی) ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے آج بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ برسراقتدار پارٹی کے پاس اقتدار ہے لیکن اس کے قائدین راست انتخابات میں حصہ لینے سے گریز کررہے ہیں اور چور دروازہ سے ریاستی مقننہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ تبصرہ بی جے پی کی جانب سے یوپی کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے دو نائب وزیرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریا اور دنیش شرما کے آئندہ یوپی مقننہ قونصل کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان کی بناء پر برسرعام آیا ہے۔ یہ ضمنی انتخابات سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے ارکان کونسل کی مخلوعہ نشستیں ہیں جو اپنی متعلقہ پارٹیوں سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔ اکھیلیش یادو نے اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آدتیہ ناتھ حکومت ان ارکان خاندان اور بچوں کی جو کوئی مدد نہیں کرتی جن کے چہیتے بچے گورکھپور ہاسپٹل میں موت کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیا اور دعویٰ کیا کہ جو بچے ہلاک ہوئے ان میں سے بیشتر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتے تھے یا مسلمان تھے۔