نئی دہلی۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس پر مغربی بنگال کے مسلم کارکنوں میں ’’دہشت پھیلانے‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کے قائدین کے ایک وفد نے مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ معاملہ کا جائزہ لینے ایک ٹیم روانہ کی جائے۔ انہوں نے مختار عباس نقوی کو ایک یادداشت بھی پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے بی جے پی کے پانچ اقلیتی ارکان ضلع بیربھوم میں ہلاک کئے جاچکے ہیں۔ 100 سے زیادہ زخمی کئے گئے ہیں جن میں سے 25 کی حالت نازک ہے۔ برسراقتدار ترنمول کانگریس کے غنڈے خاص طور پر بی جے پی میں شامل ہونے والے اقلیتی افراد کو یا پھر بی جے پی کے ہمدرد اقلیتی افراد کو حملوں کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ہر طرف دہشت کا راج ہے۔ بی جے پی کے معتمد انچارج امور مغربی بنگال سدھارتھ ناتھ سنگھ ، مرکزی وزیر و مغربی بنگال کے رکن پارلیمنٹ بابل سپریو، ایس ایس اہلوالیہ اور چندن مترا یادداشت پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔