بی جے پی قائدین ’’سڑک کے آوارہ کتے‘‘ : جنتا دل ایس

بنگلورو۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قائدین پر تلخ تنقید کرتے ہوئے جو کرناٹک کی کانگریس جنتا دل ایس اتحادی حکومت کے گرجانے کی تمنا رکھتے ہیں، جنتا دل ایس لیڈر ڈی سی تھمنا نے ان قائدین اور اپنے درمیان ایک خط فاصل کھینچتے ہوئے کہا کہ ’آوارہ کتوں‘ کے بھوکنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ اس کے اس ریمارک کو سزا کرتے ہوئے بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی اومیش کیٹی نے دعویٰ کیا کہ یہ مخلوط حکومت بہت جلد گرجائیگی۔ کیٹی نے حال میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ حکمراں مخلوط حکومت کے 15 ناراض ارکان اسمبلی ان سے ربط رکھے ہوئے ہیں اور زعفرانی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ آئندہ ہفتہ کرناٹک میں نئی حکومت تشکیل پائے گی۔ کیٹی پر پلٹ کر تنقید کرتے ہوئے تھمنا نے کہا کہ جے ایچ پٹیل جو سابق چیف منسٹر ہیں، نے بھی ایک مرتبہ ریاستی اسمبلی میں ایسی ہی کہانی پیش کی تھی کہ ایک ہاتھی اور آوارہ کتوں کا کیا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے پٹیل کے ریمارک کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ آوارہ کتوں کے سامنے سے جب ایک ہاتھی گذرتا ہے تو وہ یہ اس امید میں رہتے ہیں کہ اس کے اوپر سے کچھ نیچے گرجائے گا اور وہ اس کو کھا جائیں گے۔ نہ تو ہاتھی پر سے غذا گری اور نہ ان کتوں کو کچھ حاصل ہوا۔