بی جے پی قائدین این ڈی اے کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کوشاں

بلرام پور (یوپی)۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر شیو پرتاپ یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی قائدین اور وزراء متنازعہ بیانات دے کر مرکزی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ دوسری جانب مبذول کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی لیڈر نے مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی اور بی جے پی لیڈر سوامی چنامتند کی جانب سے کئے گئے حالیہ ریمارکس کی مذمت کی۔ یادو نے کہا کہ بعض لوگ خود کو مذہبی لیڈر باور کراتے ہوئے نفرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ مرکز میں بی جے پی کے اقتدار کے 7 ماہ پورے ہورہے ہیں۔ نریندر مودی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ اس ناکامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے متنازعہ ریمارکس کئے جارہے ہیں۔