وزیراعظم مودی اپنے بااعتماد ساتھی کو ذمہ داری تفویض کرنے کے خواہاں
نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ بی جے پی صدارتی دوڑ میں پیش پیش ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور سینئر لیڈر جے پی نڈّا کا نام بھی لیا جارہا ہے، تاہم آئندہ چند دنوں میں قطعی فیصلہ کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق 7 جولائی سے شروع ہورہے پارلیمانی سیشن سے قبل نئے بی جے پی صدر کا اعلان کیا جائے گا۔ ایک سینئر پارٹی لیڈر نے بتایا کہ آئندہ 4 تا 6 دن میں یہ اعلان متوقع ہے۔ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ نریندر مودی اس عہدہ کیلئے امیت شاہ کو ترجیح دے رہے ہیں
جنہوں نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اُترپردیش میں غیرمعمولی کامیابی دلاتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ بی جے پی نے اترپردیش کی 80 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 71 پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 2 نشستوں پر اپنا دَل نے کامیابی حاصل کی جس کا بی جے پی سے اتحاد ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کامیابی کا یہ سفر مختلف ریاستوں جیسے مہاراشٹرا اور ہریانہ میں مجوزہ اسمبلی انتخابات میں بھی جاری رکھنے کی خواہاں ہے اور اس کے لئے وہ امیت شاہ کی تنظیمی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔