بی جے پی سے ’’میک اِن انڈیا‘‘کے نعرہ کو حقیقت بنانے کانگریس کا مطالبہ

نئی دہلی 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد ابھیشک مانو سنگھوی نے جمعرات کے دن کہاکہ اُن کی پارٹی اُس وقت انتہائی خوشی محسوس کرے گی جس دن وزیراعظم نریندر مودی کی ’’میک اِن انڈیا‘‘ مہم کامیاب ہوجائے گی۔ تاہم اُنھوں نے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو یاد دلایا کہ صرف تماشہ کرنے کے لئے فقروں کا استعمال کرنے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ بی جے پی کچھ کارنامہ کر دکھائے۔ ابھیشک سنگھوی نے کہاکہ بی جے پی کو ٹھوس قومی پیداواری پالیسی تیار کرنی ہوگی جس کا یوپی اے حکومت کو فخر حاصل ہے اور جس کو صنعتی اداروں میں اب بھی نافذ کیا جارہا ہے۔ نریندر مودی صرف اِس پروگرام کو آگے بڑھارہے ہیں اور ہم اِس کی تائید کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر وزیراعظم کوئی ٹھوس مزدور پالیسی پیش کرتے ہیں جس کو اُن کی پارٹی اور حکومت کی تائید بھی حاصل ہو تو یہ مزدوروں اور پیداوار دونوں کے لئے اچھی بات ہوگی اور ہم سب سے پہلے تائید کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔