ممبئی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے راج ٹھاکرے کے ساتھ حالیہ قربت کے اشاروں پر واضح منہ توڑ جواب دیتے ہوئے شیوسینا نے آج کہاکہ وہ اترپردیش، بہار اور دہلی سے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ پرزور انداز میں کہاکہ وہ نریندر مودی اور صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ کے خلاف مقابلہ نہیں کرے گی۔ شیوسینا این ڈی اے میں شامل ہے۔ اِس کے صدر اودھو ٹھاکرے نے پرزور انداز میں کہاکہ بی جے پی کے ساتھ اِس کا اتحاد مہاراشٹرا کی حد تک محدود ہے۔ شیوسینا مبینہ طور پر سابق صدر بی جے پی نتن گڈکری کی ظہرانہ پر مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے سے ملاقات پر ناراض ہے جو اودھو ٹھاکرے کے چچازاد بھائی ہیں لیکن اُن کے ساتھ اودھو کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ 3 مارچ کو ممبئی میں راج ٹھاکرے نے اعلان کیا تھا کہ اِن کی پارٹی بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی تائید کرے گی۔ شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ بی جے پی سے ہمارا اتحاد مہاراشٹرا کی حد تک ہے۔ یوپی میں کوئی اتحاد نہیں ہے۔ ہم ملک کے دیگر علاقوں میں بھی اپنی پارٹی کی توسیع چاہتے ہیں۔ یوپی سے شیوسینا 20 امیدوار کھڑا کرے گی۔ بہار میں 5 اور دہلی میں 7 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء اودھو ٹھاکرے کے فرزند یوا سینا کے صدر آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ شیوسینا مودی کے خلاف جو یوپی میں وارناسی سے مقابلہ کررہے ہیں اور لکھنؤ میں راج ناتھ سنگھ کے خلاف جو صدر بی جے پی ہیں، اپنے امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ جو لوگ ایسی خبروں کو مضحکہ خیز افواہیں سمجھتے ہیں اُن کے لئے وہ رنجیدہ ہیں۔ چنانچہ وارناسی اور لکھنؤ سے شیوسینا مقابلہ نہیں کررہی ہے۔