پٹنہ ۔12جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی قائد طارق انور نے آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد اور ایل جے پی کے صدر رام ولاس پاسوان کے نظریات کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ رائے دہندوں کو فرقہ پرستانہ خطوط کے بجائے سیکولر طاقتوں کے خطوط پر صف بندی میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ یو پی اے کے دائرے میں توسیع کی جائے تاکہ فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت طارق انور نے نریندر مودی کو 2002ء کے گجرات فسادات کے سلسلہ میں بے قصور قرار دیئے جانے کی اہمیت کم کرتے ہوئے کہا کہ عدالت ان حقائق کی بنیاد پر فیصلہ سناتی ہے
جو عینی شاہدین اور تحقیقات کنندوں کی جانب سے عدالت کے سامنے پیش کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ مودی کے خلاف کسی بھی ایف آئی آر کے اندراج اور پولیس کارروائی کا آغاز انتہائی مشکل ہے ۔ کوئی بھی اس بات سے انکار نہیںکرسکتا کہ حکومت گجرات فسادات پر قابو پانے اور خاطیوں کو سزادلوانے سے قاصر رہی ۔ چنانچہ مودی کو زندگی بھر اس داغ کے ساتھ جینا ہوگا ۔عام آدمی پارٹی کے عروج کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ سماجی جہد کار انا ہزارے کا کرپشن کے خلاف احتجاج تھا جس میں عام آدمی پارٹی کو یہ حیرت انگیز کامیابی دلوائی ہے لیکن اس کا اعادہ ملک کے دیگر علاقوں میں پارٹی کیلئے مشکل ہوگا ۔
مودی کی تقریر میں گاندھی ٹوپیاں لیکن بھگوا رنگ کی
احمدآباد۔12جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی سے سبق سیکھتے ہوئے سوامی ویویکانند کی 150ویں یوم پیدائش تقاریب میں شریک ہونے والے کئی افراد نے بھگوا رنگ کی گاندھی ٹوپیاں پہن رکھی تھیں جن پر تحریر بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے متعلق ہی حکومت گجرات نے مہاتما مندر گاندھی نگر پر اس تقریب کا اہتمام کیا تھا ۔ چیف منسٹر نریندر مودی کے سواء تقریب میںشرکت کرنے والے تمام افراد بھگوا رنگ کی ٹوپیاں پہنے ہوئے نظر آئے ۔
عام آدمی پارٹی میں تحریر کے ساتھ ٹوپیوں کو مقبولیت عطا کی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کی ٹوپیوں پر تحریر ہوتا ہے ’’ میں عام آدمی ہو ‘‘ بنیادی طور پر ایسی تحریر کا استعمال مہاتما گاندھی نے جنگ آزادی کے دوران کیا تھا اور ان ٹوپیوں کو عام طور پر گاندھی ٹوپی کہا جاتاہے ۔ بھگوا رنگ کی ٹوپیاں آج کی تقریب میں شریک ہونے والے تقریباً تمام افراد نے پہن رکھی تھیں ‘ان پر تحریر تھا ’’ ایک بھارت ۔ شریشٹھ بھارت‘‘ ( متحدہ ہندوستان۔ بہترین ہندوستان) یہ نعرہ نریندر مودی سے منسوب ہے ۔