پی ڈی پی نے اقتدار کیلئے ریاستی عوام کی توہین کی عمر عبداللہ کا خطاب
سرینگر ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ بی جے پی کے ساتھ ان کی پارٹی کبھی بھی مفاہمت نہیں کرے گی اور وہ ریاست اور اس کے عوام کے وقار و احترام پر مفاہمت کرنے کے بجائے سیاست سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کسی بھی صورت میں بی جے پی کے ساتھ مفاہمت نہیں کرے گی۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں بشیراحمد گلے کی اپنی پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’ریاست اور اس کے عوام کی عزت و احترام پر مفاہمت کرنے کے بجائے میں سیاست سے سبکدوش ہوجانا پسند کروں گا‘‘۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر نے کہا کہ پی ڈی پی نے خود کو بی جے پی کے ہاتھوں فروخت کرتے ہوئے ریاست کے عوام کی توہین کی ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’پی ڈی پی نے ان سے مفاہمت کی جو ہمارا پرچم ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے خصوصی موقف کی بنیادیں تباہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کی سرپرستی کیا کرتے ہیں جو عوام کے خلاف ان کی غذاؤں کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہیں‘‘۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ پی ڈی پی نے محض اقتدار کیلئے بی جے پی سے مفاہمت کرتے ہوئے ریاستی عوام کے مفادات اور سیاسی حقوق کو خطرہ میں ڈال دیا جبکہ آر ایس ایس قائدین اقلیتوں کے خلاف زہرافشانی کرتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔