بی جے پی سے مفاہمت نہ کرنے تلگودیشم قائدین کا ہائی کمان سے مطالبہ

سنگاریڈی۔/5اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم اور بی جے پی کی مفاہمت کے سلسلہ میں تلگودیشم کے قائدین کا کہنا ہے کہ بی جے پی سے انتخابی مفاہمت ہو تو تلگودیشم پارٹی کو اقلیتوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ضلع میدک میں تلگودیشم قائدین ابھی سے ہی پریشان ہیں۔ لیکن بی جے پی اور تلگودیشم کے درمیان انتخابی مفاہمت میں بی جے پی کی جانب سے علاقہ تلنگانہ میں کئی مقامات پر بی جے پی مقابلہ کرنا چاہتی ہے جس کی وجہ سے تلگودیشم امیدوار پریشان ہیں۔ تلگودیشم قائدین کا کہنا ہے کہ آخر کب انہیں انتخابات میں مقابلہ کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔ تلگودیشم پارٹی ہائی کمان آندھرا اور تلنگانہ کا جائزہ لیتے ہوئے سمجھ چکی ہے کہ آندھرا میں تلگودیشم کا موقف مضبوط ہے جبکہ تلنگانہ میں کمزور ہے۔ چنانچہ تلنگانہ میں زیادہ نشستوں پر بی جے پی کو انتخابات میں موقع دینے کی بات سوچ رہی ہے۔ جبکہ تلگودیشم اور بی جے پی کے قائدین کا کہنا ہے کہ دونوں سیاسی پارٹیاں تنہا مقابلہ کریں تو دونوں پارٹیوں کے قائدین کو انتخابات میں مقابلہ کرنے کا موقع فراہم ہوسکے گا۔