جموں 20دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی سے خارج گگن بھگت جو کہ آر ایس پورہ حلقہ انتخاب سے رکن اسمبلی تھے ، نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ۔ شیر کشمیر بھون جموں میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے علاوہ کئی سینئر لیڈران موجود تھے ۔اس موقع پر فاروق عبداللہ اور پارٹی کے سینئر لیڈروں نے گگن بھگت کو پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا پارٹی میں استقبال کیا۔فاروق عبداللہ نے نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ مزید لوگ نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا ‘ہم گگن بھگت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اور بھی لوگ آرہے ہیں۔ آپ نے آج سری نگر ٹائمز میں کارٹون دیکھا ہوگا، میں بوری لیکر چل پڑا ہوں’۔گگن بھگت کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت سے محض ایک روز قبل پی ڈی پی کے دو سینئر ترین لیڈران اور سابق وزرا سید بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔